مانچسٹر۔انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل منگل کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ نے 1-0 سے جیت لی تھی۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ میزبان ٹیم آئن مورگن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مورگن نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور گرین شرٹس کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں 2-0 سے فتح حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دوکسرے میچ میں کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور وہ جیت کیلئے میدان میں اتریں گے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ تیسرا میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے‘انہوں نے کہا کہ پہلا ٹی ٹوئنٹی بدقسمتی سے بارش کی نذر ہوا اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہم نے اچھا سکور کیا تاہم اس کا دفاع کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے‘ باؤلروں کی چند غلطیوں کے باعث انگلینڈ کے مورگن اور میلان میچ کو ہم سے دور لے گئے دونوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا
انہوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز کا انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا تاہم ہم نے ہمت نہیں ہاری ہے کھلاڑی پرعزم ہیں ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ کل کے میچ میں کم بیک ضرور کریں اور اس کے لئے کھلاڑی بھرپور محنت کررہے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ کل کا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔