فاسٹ باولر شعیب اختر نے قومی ٹیم کی دفاعی حکمت عملی کو نقصان دہ قرار دے دیا۔
راولپنڈی ایکسپریس نے کہاکہ چیف سلیکٹر اور کوچ دونوں کو جراتمندانہ فیصلے کرنا ہوں گے، کھلاڑیوں سے پرفارمنس کا مطالبہ کیا جائے، اگر کوئی مطلوبہ نتائج نہیں دیتا تو پھر خداحافظ کہنا بہتر ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ جدید کرکٹ میں کامیابی پانے کیلیے جارحانہ کرکٹ کھیلنا ضروری ہے، دفاعی حکمت عملی کا فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوتا ہے، پاکستان نے ایک سیشن خراب کھیل کر ٹیسٹ سیریز گنوا دی،ہم گذشتہ 15سال سے دفاعی طرز کی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن اس سیریز میں تجربہ کار کوچز کی جانب سے نوجوانوں تک وہ علم منتقل ہوتا نظر نہیں آیا جس کی توقع تھی، ہمارے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں، کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہے تو سوچ تبدیل کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اسد شفیق اتنی کرکٹ کھیل چکا لیکن اب بھی آؤٹ ہو تو ایسا لگتا ہے جیسے پہلا میچ کھیل رہا ہو، ایک وقت تھا جب بھارتی کھلاڑی پاکستانیوں جیسا بننا چاہتے تھے، اب حالات اس کے برعکس ہیں،آپ اس سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہم کرکٹ میں کس مقام پر کھڑے ہیں۔