مانچسٹر .سابق انگلش کپتان مائیکل وان اور سابق آسٹریلیوی فاسٹ بولر ٹام موڈی سمیت دنیا بھر سے کرکٹر زنے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کے کھیل کی تعریف کی ہے جبکہ خواتین کرکٹرز بھی حیدر علی کی فین ہوگئیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں مائیکل وان نے کہا کہ لگتا ہے پاکستان کو کوئی سنجیدہ کھلاڑی مل گیا ہے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ٹام موڈی نے کہا کہ میں نے پہلی بار حیدر علی کو انڈر 19 ورلڈ کپ میں دیکھا تھا اور سمجھ گیا تھا کہ یہ باصلاحیت کھلاڑی ہے، خوشی ہے کہ نوجوان کو موقع دیا گیا۔
ڈین جونز قومی کرکٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حیدر علی کو پہلی بار انڈر 19 ورلڈکپ میں دیکھا تھا، وہ ایک اسپیشل ٹیلنٹ ہیں، آج حیدر کو انٹرنیشنل ڈیبیو کھیلتا دیکھ کر بہت خوشی ہوِئی ہے۔
سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے کہا کہ حیدر علی کو دیکھ کر لگ رہا پاکستان کو ایک اچھا پلیئر مل گیا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی جویریہ خان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ حیدر علی نے شاندار اور نڈر اننگز کھیلی۔
ندا ڈار نے کہا کہ حیدر علی کی صورت میں پاکستان ٹیم کو ایک زبردست ٹیلنٹ مل گیا۔
دوسری جانب انگلینڈ کی سابق ویمن پلیئر ایسا گویا نے کہا کہ حیدرعلی ایک زبردست ٹیلنٹ ہیں جبکہ سابق کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ حیدر علی کی صورت میں پاکستان کو بہترین بیٹسمین مل گیا۔
پاکستان کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہاکہ مثبت یہی ہے کہ ٹیم میں تبدیلیاں کی گئیں، وہ حیدر علی کو کھلانے کے حق میں نہیں تھے انہیں ڈر تھا کہ اتنا اچھا کھلاڑی پہلے میچ میں ناکام ہوگیا تو اس کا مستقبل خراب ہوجائیگا۔