معروف بھارتی کرکٹر 250 فٹ گہری کھائی میں گر کر ہلاک

نئی دہلی: معروف بھارتی کرکٹر 250 فٹ گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنجی ٹرافی کھیلنے والے بھارتی کھلاڑی شیکھر گولی 250 فٹ گہری کھائی میں گر کر زندگی کی بازی ہار گئے، وہ دوستوں کے ساتھ ٹریکنگ کرنے گئے تھے۔

یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ناسک ضلع میں پیش آیا، 45 سالہ گولی نے دو فرسٹ کلاس میچز کھیلے، وہ دائیں ہاتھ کے بلے باز اور لیگ اسپنر تھے، گولی کچھ دوستوں کے ساتھ ناسک کے اگت پوری ہل اسٹیشن پر ٹریکنگ کے لیے گئے تھے۔

 

پولیس کے مطابق مبینہ طور پر توازن بگڑنے کے سبب شیکھر گولی کھائی میں گرے، اگت پوری پولیس تھانے کے ایک افسر کے مطابق ان کی لاش بدھ کی صبح 10 بجے ملی، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گولی اس سے پہلے مہاراشٹرا کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ بھی تھے اور فی الحال انڈر 23 ٹیم کے فٹنس ٹرینر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

واضح رہے کہ شیکھر گولی مہاراشٹرا کرکٹ میں ایک بڑا نام تھا، بطور کوچ اور فٹنس ٹرینر انہوں نے کافی نام کمایا تھا، ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی، کیدار جادھو اور شکھر دھون جیسے کرکٹر انہیں اچھی طرح جانتے تھے۔

شیکھر گولی کی حادثاتی موت پر دھونی، شیکھر دھون، کیدار جادھو ودیگر نے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔