مقبوضہ کشمیر پر کسی یکطرفہ فیصلے کو قبول نہیں کرتے، آرمی چیف 

 

اسلام آباد۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہنا ہے کہ ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کے خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس،چوکنا اور باخبر ہیں۔مقبوضہ کشمیر سے متعلق کسی بھی یکطرفہ فیصلے کو قبول نہیں کرتے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تھے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں شہداکے اہل خانہ، غازیوں اور حاضر سروس افسران  نے شرکت کی۔

تقریب میں آرمی چیف نے جرات کامظاہرہ کرنے والے جوانوں کو اعزازات سے نوازا، 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازاگیا جبکہ ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا گیا،شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کاکہنا تھا کہ 6 ستمبر1965کا دن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے، آج کے دن یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دْشمن کو شکست دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی دْشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں، ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں،شہداکے اہل خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ اْن کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے،پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہنا تھا کہ مملکت پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے،اسی بنیاد پر ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے، ہمارے دشمن اس پہچان کو مٹانے کے لیے لگاتار سازشوں کا جال بنتے آئے ہیں لیکن الحمداللہ افواج پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا ہے۔