برطانوی اخبار نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہیروز آف دی ویک قرار دے دیا


پشاور. برطانوی اخبار ٹائمز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہیروز آف دی ویک قرار دے دیا۔

 برطانوی اخبار ٹائمز نے قومی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں برطانیہ کا دورہ کرکے پاکستان ٹیم نے کرکٹ کی مدد کی۔

برطانوی اخبار نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہیروز آف دی ویک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ہی نہیں دنیائے کرکٹ پاکستان ٹیم کی شکر گزار ہے۔

اخبار کے مطابق فیملیز کے بغیر صرف گراؤنڈ اور ہوٹل میں رہنا مشکل تھا لیکن انہوں نے کوئی شکایت نہ کی۔

پاکستانی ٹیم نے مشکل حالات میں سنسنی خیز کرکٹ کھیلی۔ پاکستان کے دورے سے انگلینڈ بورڈ بڑے مالی نقصان سے بچ گیا۔

اس سے قبل کورونا کے مشکل حالات میں انگلینڈ کا دورہ کرنے پر انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے حیدر علی اور محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے ٹی 20 میچ میں 5 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کو میزبان ٹیم انگلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ  نے انگلینڈ کا دورہ ایسے حالات میں کیا جب دنیا بھر میں کورونا وباء کے باعث کرکٹ کے میدان ویران ہوچکے تھے قومی ٹیم نے انگلینڈ جانے کی حامی بھرکر کرکٹ میدانوں کو پھر سے آباد کیا۔