دوسرے ٹی20میں بھی آسٹریلیا کو شکست، سیریز انگلینڈ کے نام

 

مانچسٹر: انگلینڈ نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی20 میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

آسٹریلوی ٹیم انگلش سرزمین پر دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست کھا گئی، کینگروز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے، انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

انگلش اوپنر جوز بٹلر نے 54 گیندوں پر 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

جونی بیرسٹو 9 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا نشانہ بنے، ڈیوڈ ملان نے 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ٹام بینٹن دو رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان مورگن 7 رنز پر ایڈم زمپا کا شکار بنے۔


آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اسٹارک اور زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 157 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا تھا۔

 اوپنر ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے آرچر کا نشانہ بنے، کپتان ایرون فنچ کی 40 رنز کی اننگز میں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔

الیکس کیری 2 اور اسٹیو اسمتھ 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، میکسویل 26 اور ایشٹن اگر 23 رنز بناسکے۔

انگینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عادل رشید اور مارک ووڈ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ انگلش ٹیم نے پہلے ٹی 20میچ میں بھی آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔

 جوز بٹلر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔