بنگلور۔بھارتی ریاست کرناٹکا میں کووڈ19 مرض میں مبتلا 105 سالہ خاتون نے موذی وباء کو گھر میں ہی اپنے پوتے ڈاکٹر کے زیرعلاج شکست دیدی۔
کرناٹکا میں 105 سالہ دادی کا کھانسی اور بخار ہونے کے سبب کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو کہ مثبت آیا جس پر مذکورہ خاتون نے ہسپتال جانے کے بجائے گھر میں ہی اپنے پوتے سے علاج کرانے کا فیصلہ کیااْن کا پوتا مقامی ہسپتال میں ڈاکٹر ہے۔
معمر خاتون کے پوتے ڈاکٹر سری نیواس نے کہا کہ دادی ہسپتال نہ جانے پر بضد تھیں‘ انہیں شوگر یا کوئی اور بیماری نہیں تھی۔ اس وجہ سے گھر ہی میں سمٹومیٹک ٹریٹمنٹ کی اور دادی جلد ہی صحت یاب ہوگئیں۔ ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آگیا ہے۔
صحت یاب ہونے والی 105 سالہ خاتون کے شہر کوپال میں 8 ہزار 802 کورونا کیسز ہیں اور 186 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ ریاست کرناٹکا میں 4 لاکھ 49 ہزار کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں اور 7 ہزار 161 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں مجموعی طور پر 47 لاکھ مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے اور 78 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہیں جس کی وجہ سے بھارت اس موذی وباء سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے اور ایک دن میں 94 ہزار کیسز سامنے آنے کا عالمی ریکارڈ بھی بھارت کے پاس ہے۔