دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی ترسیل کیلئے 8 ہزار جمبو طیاروں کی ضرورت

 

مونٹریال۔کورونا وائرس کی ویکسین کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے بوئنگ 747 جیسا حجم رکھنے والے 8ہزار جہاز درکار ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کورونا وائرس کی ویکسین کو دنیا بھر میں پہنچانا اب تک کی تاریخ کا سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔

 واضع رہے کہ ابھی تک دنیا میں کسی بھی ملک کو اس مہلک وائرس کی ویکسین کی تیاری میں پوری طرح سے کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے تاہم آئی اے ٹی اے نے ابھی سے مختلف ائرلائنز، ائرپورٹس اور صحت پر کام کرنے والی عالمی تنظیمیں اور دوا ساز کمپنیوں سے ویکسین کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈسٹری بیوشن کے اس اندازے میں فرض کیا گیا ہے کہ دنیا میں اگر ہر شخص کے لیے صرف ایک ویکسین پہنچائی جائے تو اس کے لیے اتنی بڑی تعداد میں طیاروں کی ضرورت ہو گی۔

آئی اے ٹی اے کے چیف ایگزیکٹیو الیگزینڈر ڈی جولیاک کا کہنا ہے کہ“کورونا وائرس کی ویکسین کو ہر جگہ پہنچانا عالمی فضائی گارگو انڈسٹری کے لیے اس صدی کا سب سے بڑا مشن ہو گا۔لیکن یہ محتاط منصوبہ بندی کے بغیر ممکن نہیں ہے جس کا بہتر وقت ابھی ہے۔”