موبائل فون کا بخار انسانوں پر ہی نہیں جانوروں پر بھی سوار ہوگیا ہے، اس کی تازہ مثال ملائیشیا میں ہونے والے ایک واقعے کی ہے جس میں نوجوان کو اس کے موبائل کی فوٹو گیلری میں بندر کی سیلفیاں ملیں۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں ایک نوجوان کا کہنا ہے کہ اسے اپنے موبائل فون پر ایک بندر کی سیلفیاں اور ویڈیوز ملی ہیں۔ اس نوجوان کا یہ فون کھو گیا تھا جو اسے گھر کے پیچھے جنگل سے ملا ہے۔
فون میں جو مواد موجود ہے اس میں ایک بندر کی فوٹیج بھی ہے جو بظاہر فون کو کھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ سارا مواد فون کے مالک زیکریڈز روڈزی نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا جس کے بعد اسے بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔
20برس کے طالبِ علم زیکریڈز روڈزی کے مطابق وہ یہ سمجھ رہا تھا کہ جب وہ سو رہا تھا تو اس کا فون چوری ہو گیا۔ تاہم یہ ابھی بھی واضح نہیں کہ فون کیسے غائب ہوا تھا۔ یہ بھی ممکن نہیں کہ ان حالات کی تصدیق کی جا سکے کہ یہ تصاویر اور ویڈیو ان کے فون میں کیسے آئیں۔
فون غائب ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد دوپہر دو بج کر ایک منٹ پر بنائی گئی ایک ویڈیو میں ایک بندر کو دیکھا جا سکتا ہے جو بظاہر فون کو کھانے کی کوشش کر رہا ہے۔اس کے علاوہ فون میں بندر، درختوں اور پودوں کی بہت سی دوسری تصاویر بھی موجود ہیں۔
زیکریڈز کا کہنا ہے کہ وہ اپنا فون ڈھونڈنے میں ناکام رہے، اگلے روز یعنی اتوار کی دوپہر ان کے والد نے گھر کے باہر ایک بندر کو دیکھا۔
اس کے بعد زیکریڈز نے ایک دوسرے فون سے اپنے فون پر کال کی تو انھیں قریب ہی جنگل سے اپنی رنگ ٹون سنائی دی۔ وہ وہاں گئے تو انھیں ایک کھجور کے درخت کے نیچے کیچڑ میں لتھڑا ہوا اپنا فون مل گیا۔