درخت ماحول کو صاف اور ہوا تازہ رکھنے کے لیے نہایت ہی ضروری ہیں لیکن چین میں یہی درخت رہائشیوں کی پریشانی کا سبب بن گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے آلودہ ترین شہروں میں سے ایک شہر چینگ دو میں ایک انوکھا رہائشی کمپلیکس تیار کیا گیا جس کے ہر فلیٹ کی بالکنیوں میں 20 سے زائد قسم کے درخت لگائے گئے۔
اس رہائشی کمپلیکس میں بے شمار درختوں کو لگانے کا یہی مقصد تھا کہ وہ شہر کی آلودگی سے بچا رہے لیکن کچھ عرصے بعد یہ درخت رہائشیوں کے لیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوئے۔
8 ٹاور پر مبنی اس رہائشی کمپلیکس کی بالکنیوں سے درخت اور بیلیں لٹکنے لگیں جو مچھروں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کا مسکن بن گئیں اور اس سے رہائشیوں کا جینا محال ہو گیا۔
چین کے اس رہائشی کمپلیکس کی تصاور دنیا بھر میں وائرل ہو رہی ہیں جس کے بعد پراپرٹی ڈیولپر نے یہاں رہنے والے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ سال میں 4 مرتبہ ان درختوں کی کٹائی کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ جراثیم کش چھڑکاؤ بھی یقینی بنائیں گے۔