ورزش کسی بھی ایسی حرکت کو کہا جاتا ہے جس کے تحت مسلز کام کرنے لگیں اور اس عمل کے دوران انسانی جسم میں موجود اضافی کیلوریز کو جلانے میں مدد مل سکے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ انسانی صحت کا دارومدار روزانہ ورزش کرنے پر ہے یعنی ایک صحت مند اور خوش وخرم زندگی کے حصول کے لیے باقاعدگی سےورزش ضروری ہے۔ جسم کو چُست رکھنے اور ذہن کی کارکردگی بڑھانے کے لیے روزمرہ زندگی میں تھوڑاسا وقت ورزش کو دے کر ذہنی اور جسمانی طور پر فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
جسمانی ورزش کرنے کے کئی طریقے ہیں جن میں تیراکی، دوڑنا، چہل قدمی اور ویٹ لفٹنگ وغیرہ شامل ہیں۔ اگر ورزش کا عمل باقاعدگی سے کیا جائے تو جسمانی اور ذہنی طور پر فعال رہنے کے علاوہ یہ عمل لمبی عمر کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ لیکن ہمارے یہاں عام افراد ورزش کی اہمیت سے ہی ناواقف ہیں چنانچہ وہ ورزش کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ نہیں بنا پاتے جبکہ کچھ افراد اہمیت کو جانتے ہوئے بھی ورزش کرنے میں سستی دکھاتے ہیں۔
مطالعات اور تحقیقات یہ ثابت کرتے ہیں کہ ورزش کرنے کا سب سے اہم فائدہ انسانی مزاج کو بہتر بناتے ہوئے ڈپریشن،انزائٹی اور اسٹریس کی سطح کو کم کرنا ہے
ایک مصروف طرزِ زندگی آپ کے جوڑوں و پٹھوں میں درد، آسٹیوپروسس اور جسمانی کمزوری کا باعث بن سکتی ہے۔ لیکن باقاعدگی سے کی جانے والی ورزش ان تمام بیماریوں کے خلاف مزاحمت کا کام سرانجام دیتی ہےکیونکہ ورزش اعصاب کی مضبوطی اور ہڈیوں کی تعمیر و نشوونما میں بہترین کردار ادا کرتی ہے۔
روزانہ باقاعدگی سے ورزش آپ کے جسم میں ہڈیوں، پٹھوں اور جوڑوں کو تقویت فراہم کرتی ہے اور آپ کسی بھی کام کو مستعدی سے انجام دینے کے قابل ہوجاتے ہیں۔
دائمی بیماریوں کے حملہ آور ہونے کی بنیادی وجہ روزانہ کی بنیاد پر جسمانی سرگرمیوں کا فقدان ہے۔ باقاعدگی سے کی گئی ورزش ،انسولین کی حساسیت بڑھاتے ہوئےکارڈیو ویسکیولر فٹنس اورجسمانی تشکیل کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔