دنیا بھر میں 2 کروڑ 36 لاکھ کورونا مریض شفایاب

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 21 لاکھ 933 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 9 لاکھ 82 ہزار 20 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 74 لاکھ 36 ہزار 972 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 62 ہزار 368 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 کروڑ 36 لاکھ 81 ہزار 941 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 6 ہزار 593 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 71 لاکھ 39 ہزار 553 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 25 لاکھ 34 ہزار 53 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 14 ہزار 86 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 43 لاکھ 98 ہزار 907 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جہاں کورونا سے 91 ہزار 173 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 57 لاکھ 32 ہزار 518 ہو گئی۔

1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، وہاں کورونا مریضوں کی تعداد 85 ہزار 314 ہو چکی ہے تاہم اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 217 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 437 تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے 7 ہزار 388 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 548 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 94 ہزار 392 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔