چارسدہ۔ چارسدہ سے تعلق رکھنے والی دو پیدائشی سر جڑی جڑواں بہنوں صفا اور مروا کو خالق کائنات نے نئی زندگی دے دی۔
چارسدہ کے مضافاتی علاقے ڈھیری زردار سے تعلق رکھنے والی صفا اور مر وا کے پیدائشی طور پر سرجڑے تھے۔
افسوسناک امر یہ تھا کہ سر جڑی بہنوں کی پیدائش سے ڈیڑھ ماہ قبل ان کے والد دنیا سے رحلت کر گئے تھے۔غربت اور لاچاری کی وجہ سے بچیوں کا علاج معالجہ ممکن نہ تھا۔
اس حوالے سے میڈیا نے سر جڑی بہنوں کے آپریشن کیلئے بھر پور انداز میں آواز اٹھائی اور سر جڑی بچیوں کے آپریشن پر 20 کروڑ روپے کا خرچہ آتا تھا اور لندن میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے بزنس مین مرتضیٰ لاکھانی اور ڈاکٹر اویس جیلانی کو اللہ تعالی نے اس کارہائے نمایاں سے ممتاز کیاجس کے بعد گریٹ آرمنڈ سٹریٹ چلڈرن ہسپتال لندن میں سر جڑی بچیوں کے آپریشن کیلئے بھاری بھرکم رقم جمع کر ائی۔
دونوں بچیوں کو 10اگست 2018کو چارسدہ سے اسلام آباد اور بعد ازاں لندن منتقل کیا گیا۔ لندن پہنچنے کے بعد پرو فیسر ڈاکٹر ڈوناوے اور سرجن ڈاکٹر اویس جیلانی کی نگرانی میں 20رکنی میڈیکل ٹیم نے سرجڑی بہنوں صفا اور مر وا کا 50گھنٹے طویل آپریشن کیا۔
50گھنٹے طویل آپریشن سے پہلے دونوں بچیوں کے متعدد چھوٹے چھوٹے آپریشن بھی کئے گئے۔
سرجڑی بہنوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے اور بحالی میں 11مہینے لگ گئے۔ بعد ازاں دونوں بچیوں کو پرائیوٹ رہائش گاہ منتقل کیا گیا جہاں بھی چھ ماہ تک صفا اور مر وا ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں۔
بچیوں کے خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے اس کے بعد صفا اور مر وا کو پاکستان منتقل کرنے کی ہدایت کی اور دونوں بچیاں صفا اور مر وا لندن سے اسلام آباد پہنچیں جہاں سے اپنے آبائی گاؤں ڈھیری زرداد پہنچ گئیں۔