لندن: برطانیہ میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث ہوٹلز بند ہونے کی وجہ سے چوہوں نے اپنی بھوک مٹانے کے لیے کچھوے کھانا شروع کردئیے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ کچن میں موجود چیزوں کے ختم ہونے کے بعد چوہوں نے اب پالتو کچھوؤں پر حملے کرنا شروع کردئیے ہیں، لاک ڈاؤن کے باعث چوہوں کو ہوٹل میں ان کی پسندیدہ چیزیں کھانے کو نہیں ملیں تو کچھوے ان کا شکار بننا شروع ہوگئے ہیں۔
کچھوؤں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی ایک سماجی تنظیم نے شکایت کی ہے کہ رواں سال بڑی تعداد میں چوہے اپنی بھوک سے پریشان نظر آئے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے پالتو جانوروں پر حملے کرنا شروع کردئیے ہیں لہٰذا ہماری گزارش ہے کہ ان جانوروں کو چوہوں کی خوراک بننے سے محفوظ کیا جائے۔
کچھوؤں کی حفاظت پر معمور 60 سالہ خاتون سیلا کلے پول کا کہنا تھا کہ وہ گلیمورگن کاؤنٹی میں رواں سال کچھوؤں پر ہونے والے چوہوں کے 12 حملے دیکھ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہے ہمیشہ ایک گروپ کی صورت میں آتے ہیں اور کچھوؤں پر حملہ کرنے کے بعد انہیں کھانا شروع کردیتے ہیں۔
ماہر حیوانات ریکارڈو کارڈیا کا کہنا ہے کہ کچھوؤں کے مقابلے میں چوہے بہت زیادہ پھرتیلے اور طاقتور ہوتے ہیں جبکہ کچھوے ہمیشہ ایک ہی جگہ بیٹھے رہتے ہیں جس کی وجہ سے چوہے انہیں زندہ کھانا شروع ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس متعدد افراد شکایت لے کر آئے ہیں اور یہی کہا ہے کہ ان کے کچھوؤں کو چوہوں سے خطرہ بڑھتا جارہا ہے اور چوہے ان لوگوں کے کافی کچھوے کھا چکے ہیں۔