ئی دہلی: بھارت کے وزیر برائے صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ برس کے شروع میں ملک میں تیار کردہ کورونا ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر صحت اور عالمی ادارہ صحت کے ایگزیکیٹو بورڈ چیئرمین ڈاکٹر ہرش وردھن نے دعویٰ کیا ہے بھارت میں 2021 کے پہلے تین ماہ کے اندر مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے مزید کہا کہ کم از کم 3 ویکسین کا ٹرائل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں، جاری تحقیق کے نتائج کے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ کورونا ویکسین 2021 کی پہلی سہ ماہی کے اندر دستیاب ہوجائے گی۔
قبل ازیں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے سربراہ ڈاکٹر بلرام بھرگاوا نے بھارت بائیوٹیک انڈیا کے اشتراک سے کورونا ویکسین 15 اگست تک تیار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، عالمی ادارہ صحت سمیت بھارتی ماہرین نے بھی اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 82 ہزار 170 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔