سشانت سنگھ کے جسم میں کسی قسم کا زہر نہیں پایا گیا، فارنزک رپورٹ

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی فارنزک رپورٹ میں ان کے جسم میں کسی قسم کا زہر نہیں پایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) کے 5 ممبران پر مشتمل پینل کوپر ہسپتال کی طرف سے جاری کی جانے  والی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی جانچ بھی کر رہے ہیں۔

ایمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اس معاملے کی تفتیش آئین کی دفعہ 306 کے تحت کرے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گاکہ پوسٹ مارٹم کے لیے جس مردہ خانے میں لاش رکھی گئی وہاں روشنی کم تھی۔

دوسری جانب نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے اداکارہ دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان اور شردھا کپور کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا جس میں ابھی تک تینوں اداکارہ کا منشیات فروشوں کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں پایا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تینوں اداکاراؤں نے دوران تفتیش منشیات کے استعمال سے انکار کیا تھا جب کہ این سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کوئی ٹھوس ثبوت ملنے پر تینوں اداکاراؤں کو دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

این سی بی کے مطابق دوران تفتیش جب اداکارہ دپیکا پڈوکون سے ان کی مینیجر کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں سیگریٹ کے حوالے سے بات کر رہی تھی اور انہوں نے منشیات کے استعمال سے انکار کیا تھا۔