کورونا دیگر بیماریوں کی طرح دائمی رہ سکتا ہے،برطانوی سائنسدان

برطانوی سائنسدان نے خبردار کیا ہے کہ کوویڈ 19 بھی دیگر وائرس اور بیماریوں کی طرح دائمی رہ سکتا ہے۔

ایڈنبرگ یونیورسٹی کے پروفیسر گیم آکلینڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ کوویڈ 19 وائرس بھی شاید کبھی ختم نہ ہو اور ہمیشہ ساتھ رہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس بھی دیگر دائمی بیماریوں کی طرح زندگی بھر رہ سکتا ہے اور اس وائرس سے صحتیاب ہونے والے مستقبل میں بھی محفوظ نہیں ہوں گے، ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوں گے۔

پروفیسر نے مستقبل کے تباہ کن اثرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک شخص کورونا وائرس سے صحتیاب ہو کر دوربارہ اس کا شکار ہو سکتا ہے تو کورونا وائرس کے ہمیشہ ساتھ رہنا ممکن ہے۔

دوسری جانب انسانی جسم کے کوویڈ 19 سے لڑنے اور قوت مدافعت پیدا کرنے کی صلاحیتوں کو لے کر سائسندان اب تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

دنیا بھر میں کوویڈ 19 سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسین کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں لیکن اب تک کوئی مصدقہ ویکسین مارکیٹ میں نہیں پہنچ سکی اور احتیاط کو ہی وائرس سے بچاؤ کا سب سے بڑا ہتھیار قرار دیا گیا ہے۔