ہانگ کانگ:
پوری دنیا میں صحت کی فکر رکھنے والے افراد اپنی غذا کا خاص خیال رکھتےہیں جن میں کھانے کی مقدار، غذائیت اور کیلیوریز شامل ہیں۔ اب اس کام کے لیے ایک اسمارٹ پلیٹ بنائی گئی ہے جو ایک ہی وقت میں دس ہزار سے زائد کھانے پہچان سکتی ہے،اس کا وزن کرتی ہےاور غذائیت اور کیلوریز کا احوال بتاتی ہے۔
دنیا کی پہلی ذہین پلیٹ کو ’اسمارٹ پلیٹ ٹاپ ویو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کےتین حصے ہیں: تین حدود والی ایک پلیٹ، ایک الیکٹرانک ڈاک اسٹیشن اور تیسرا اسمارٹ فون بمع ایپ۔ آپ برقی ڈاک پر پلیٹ رکھتے ہیں تو یہ اس کا وزن کرتی ہے اور کھانے کی مقدار بتاتی ہے۔ اس کے بعد آپ اسمارٹ فون سے تصویر لیتے ہیں تو سافٹ ویئر اسے فوراً پہچان کر اس میں موجود غذائیت، کیلوریز سے آگاہ کرتا ہے۔
اسمارٹ پلیٹ کے اس منصوبے کو کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم پر شامل کیا گیا ہے اور ابھی اس کی تجارتی پیمانے پر تیاری جاری ہے۔
جیسے ہی آپ ایپ سے تصویر لیتے ہیں پلیٹ کا اسمارٹ پلیٹ فارم کھانے کا وزن کرکے اسے ایپ میں داخل کرتا ہے۔ پھر تصویریں مصنوعی ذہانت سے پتا لگاتی ہیں کہ پلیٹ میں پالک ہے یا پلاؤ۔ اس کے بعد خوراک میں پروٹین، کاربوہائڈریٹس، کیلوریز اور چکنائیوں کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ اس کام میں چند سیکنڈ لگتے ہیں۔ یہ خاصیتیں اس پلیٹ کو دنیا کی پہلی اسمارٹ تھالی بناتے ہیں۔
اسمارٹ پلیٹ کی ایپ اینڈروئڈؑ اور ایپل آئی او ایس دونوں کے لیے تیارکی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایپ مفید کھانوں اور صحت بخش غذاؤں کی رہنمائی بھی کرتی ہے۔ اگر آپ کیلوریز کی حدود رکھنا چاہتے ہیں تو ایپ اس میں مدد کرتی ہے۔
کھانے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی میں اگرچہ مغربی کھانے زیادہ ہیں۔ تاہم کمپنی کے مطابق اس میں پورے امریکا میں ہر طبقے اور ملک کی ڈشیں شامل کی گئی ہیں جنہیں سافٹ ویئر شناخت کرلیتا ہے۔ اس طرح ایپ میں چار لاکھ کھانے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی اور بین الاقوامی 625 ریستورانوں کا مینو بھی شامل کیا گیا ہے۔