پشاور:محکمہ صحت نے20ارب روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتالوں سمیت 22 ہسپتالوں میں صحت سہولیات بڑھانے اور انہیں مریضوں کے لیے مزید فعال بنانے کا منصوبہ بنایاہے‘جس کے لئے ہسپتال سربراہان سے تجاویز طلب کر لی گئیں۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق آئندہ 2 سے 3 سال میں صوبے کے 20 اضلاع کے 22 ہسپتالوں پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جس سے ان ہسپتالوں میں تمام بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی‘ جدید طبی آلات‘عمارات کی تزئین و آرائش اور مزید بلاکس کی تعمیر کی جائی گی۔
اس مقصد کے لیے جامع سروے اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ان ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا‘اس سلسلے میں تمام ہسپتالوں کے ایم ایس سے تجاویز طلب کر لی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے میں چارسدہ‘کوہاٹ‘ایبٹ آباد‘ چترال‘ دیر‘ ہری پور‘ کرک‘ لکی مروت‘ نوشہرہ‘شانگلہ‘ پشاور‘ بٹگرام‘ ہنگو‘ٹانک‘ بونیر‘ تیمرگرہ‘ مانسہرہ‘ صوابی‘ مردان اور بٹ خیلہ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال شامل کئے گئے ہیں۔