پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام سے قیادت چھوڑنے سے متعلق ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیادت سے ہٹانے کی خبریں میڈیا سے مل رہی ہیں۔
قائد اعظم ٹرافی میں وسطی پنجاب کے کپتان اظہر علی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا علم نہیں، کپتانی سے ہٹانے کا میڈیا کے ذریعے پتہ چلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کپتانی سے ہٹانے کی خبریں میڈیا سے صرف سننے کو مل رہی ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی حکام سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ اس طرح کی باتوں پر کان نہ دھروں اور بہتر یہی ہے کہ اپنے کھیل پر توجہ دوں۔
ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے لیے اس معاملے پر بات کرنا کافی مشکل ہے جب تک بورڈ سے باقاعدہ بات چیت نہیں ہوتی اس وقت تک کچھ نہیں کہہ سکتا۔