پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں، سب کو جواب دینا ہوگا، مریم نواز 

لاہور: مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں، کوئی آسمان سے نہیں اترا، سب کو جواب دینا پڑے گا۔

 نواز شریف آئین، حلف کی پاسداری اور عدلیہ کی آزادی کی بات کر رہے ہیں،آئین کی کتاب پڑھو پھر دیکھو نواز شریف کے مطالبات کیا ہیں؟ نواز شریف کا ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم نہیں، اگرایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہوا تو پھر نواز شریف اور میرا ساتھ نہ دینا۔

 پاکستان بنانے والے بزرگوں کی سوچ کو آئین پاکستان کہتے ہیں،آئین پاکستان میں لکھا ہے کس نے کیا کام کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا، آئین پاکستان پڑھو اور پھر دیکھو کہ نوازشریف کے مطالبات کیا ہیں۔

شیر جوان تحریک نوجوانوں کو پاکستان کا مقصد یاد دلانے کی تحریک ہے،ووٹ کو جب عزت ملتی ہے تو نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، وظائف ملتے ہیں نئے سکولز اور کالجز بنتے ہیں۔ 22، 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ زیرو پر آ جاتی ہے۔

 ڈرون حملے بھی ختم ہو جاتے ہیں اور دشمن ملک کا وزیراعظم خود چل کر پاکستان آتا ہے، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو دہشتگردی سر اٹھا لیتی ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ کشمیر کا مقدمہ ہار جاتے ہیں۔

اتوار کولاہور میں مسلم لیگ (ن) شیر جوان تحریک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیرجوان کے بارے میں پورے ملک سے انتہائی بہتر ردعمل آیا ہے۔شیرجوان موومنٹ کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ یہ شیردل جوان تحریک بظاہر نئی اور نام بھی نیا ہے لیکن اس تحریک کے مقاصد وہی ہیں جس کی بنیاد 83سال قبل 1937 میں آل انڈیا مسلم فیڈریشن کے نام سے رکھی گئی تھی اور اس کے سرپرست اعلیٰ قائد اعظم محمد علی جناح خود تھے اور اس تنظیم نے تحریک پاکستان ہراول دستہ کا کردار ادا کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'قائداعظم نے 1937میں کلکتہ میں مسلم نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ نئی نسل کے نوجوانوں! آپ میں سے ہر ایک کو علامہ اقبال اور قائد اعظم بننا ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ قوم کا مستقبل آپ کے محفوظ ہاتھوں میں رہے گا۔