عالمی تبلیغی اجتماع کل سے رائے ونڈ میں شروع ہوگا، انتظامات مکمل

را ئے ونڈ:عالمی تبلیغی اجتماع کل بروز جمعرات سے رائے ونڈ میں شروع ہوگا جس کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،صحت سمیت دیگر اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں،پولیس کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کا سہ روزہ اجتماع جمعرات بعد از نماز عصر رائے ونڈ میں شروع ہوگا،اجتماع کے شرکاء کے قیام وطعام کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

آٹھ ڈویژن سے 60ہزار کے لگ بھگ افراد امسال اجتماع میں شرکت کریں گے،امسال اجتماع کا صرف ایک ہی سیشن ہوگا،کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے سرکاری سطح پر خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں،پنڈال میں سپرے کروادیا گیا ہے،شرکاء اجتماع کو اس بار حلقہ بیرون میں ٹھہرایا جارہا ہے غیر ملکی مہمانوں کی پنڈال میں شرکت منع کردی گئی ہے۔

،غیر ملکی مہمان عالمی تبلیغی مرکز میں ہی قیام کریں گے،وہاں بیٹھ کر اجتماع کی تمام تقاریر سنیں گے،اجتماع کی حفاظت کیلئے پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سفید کپڑوں میں اہلکار تعینات کردئیے ہیں جو مشکوک افراد کی نگرانی کریں گے۔

 پنڈال کے داخلی،خارجی راستوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مثالی بنانے کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

 لیسکو حکام بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدمات کئے جاچکے ہیں،ٹریفک پولیس،ریسکیو،صحت سمیت دیگر اداروں نے بھی خصوصی پلان ترتیب دئیے ہیں تاکہ شرکاء اجتماع کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔