گلگت بلتستان کے علاقے گمبہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست بدل گئی ہے جو افراد مشکل حالات میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں، اپنی وفاداری کو بیچیں نہیں ووٹ کا حق صرف ان کا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو اپنے حق کے لیے کھڑا نہ ہوسکے وہ عوام کے حق کے لیے کھڑا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام سے وعدہ کیا کہ پارٹیاں چھوڑنے والے لوٹوں کو ووٹ نہیں دیں گے، جو ذرا سے دباؤ کا سامنا نہ کرسکے اور پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دے وہ ووٹ کا حق دار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی وزیراعظم نے چند روز قبل آ کر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا، انتخابات سے قبل اس قسم کے اعلان کا کیا مطلب ہوا۔انہوں نے کہا کہ کس کا وعدہ تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دوں گا کیا اسکردو کے ایک بھی نوجوان کو نوکری ملی، 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ تھا کیا کسی ایک بھی بھی ملا تو جو یہ کہے کہ میں 9 دن میں تبدیلی لے آؤں گا، تمہارا ہر وعدہ جھوٹا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح تمہارا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ فریب ہے، اور اس ڈھونگ، فریب اور چالاکی کو گلگت کے عوام بخوبی جانتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹے وعدے کرنے والے کو گھر پہنچا کر آنا ہے، یہ جو منہ پر ہاتھ پھیر کر بات کرتا ہے یہ جانے والا ہے، ان کو پریشانی بلا وجہ نہیں بلکہ یہ جاتا نظر آرہا ہے، بس آخری دھکا گلگت کے عوام لگائیں گے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہمیں سمجھ آتی ہے کہ وزیراعظم مجبور ہے اور نوکری کرتا ہے، اسے اپنے حقوق کا نہیں پتا لیکن ان کے لیے تو کچھ کرتے جن کے حقوق کے لیے کرسی پر بیٹھے ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اگر آپ کو سڑکیں اور یونیورسٹیاں دیں تو وہ آپ کا حق ہے جو انہوں نے دیا، عوام کے نمائندے جیلوں میں بھی جاتے ہیں اور ظلم کو سہتے ہیں لیکن عوام کی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹتے، نواز شریف ایک انسان کا نام نہیں بلکہ ایک وعدے کانام ہے، آج بھی 70 سال کی عمر میں بیماری کی حالت میں آج بھی عوامی حق کے لیے چٹان کی طرح کھڑا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر ان لوگوں نے ووٹ چوری کرنے کی کوشش کیونکہ یہ جانتے ہیں عوام جب بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرے گی اور ان کا ووٹ چوری نہیں ہوگا تو عوام کا فیصلہ نواز شریف کے حق میں آئیگا، اسی لیے گلگت کا الیکشن تاخیر کا شکار ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی دل سے قدر کرتے ہیں لیکن ان کی جگہ ہمارے دلوں اور سرحدوں پر ہے، فوج کی جگہ پولنگ اسٹیشن میں نہیں ہے۔
(ن) لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے یا بنانے کا اختیار کسی ادارے یا چند افراد کو نہیں بلکہ اس کا اختیار صرف عوام کو ہے، ہم ظلم اور ووٹ چوروں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، اگر گلگت بلتستان میں ووٹ چوری ہوا تو تماشہ پوری دنیا دیکھے گی، جو چوری ہونا تھی ہوگئی اب اس کے بعد عوام اجازت نہیں دیں گے، اگر عوام دیکھیں کہ ووٹ چوری ہورہا ہےتو ان کرداروں کو بے نقاب کریں۔