لاہور:پاکستان نے کرتار پور راہداری کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) نے بھی کرتارپور صاحب راہداری کے خلاف بھارتی حکومت کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا صرف 'امن راہداری' سے متعلق اقدام کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان چوہدری زاہد حفیظ نے کہا کہ پروپیگنڈے کا مقصد بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک پر سے توجہ ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس جی پی سی سکھ ریحت ماریڈا سمیت گوردوارہ صاحباں میں تمام رسومات انجام دینے کی ذمہ دار ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ اس سلسلے میں پی ایس جی پی سی کی سہولت کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ ای ٹی پی بی کے تحت پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو)تشکیل دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے معاملات کو پی ایس جی پی سے پی ایم یو میں منتقل کرنے سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ اس کا مقصد بھارت میں ہندوتوا سے چلنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کی حکومت کے ذریعے مذہبی انتشار پیدا کرنا ہے۔