حکمران جماعت اپنی راہیں درست نہیں کرتی تو ہمارے لیے مزید ساتھ چلنا مشکل ہوگا۔رہنما ق لیگ طارق بشیر چیمہ

پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ایسے ہی چلے گی بطور اتحادی حکومت کے ساتھ گزارا مشکل ہو جائے گا۔

ق لیگ کے مرکزی رہنما نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت ایسے ہی چلے گی تو جب تک صبر ہے کریں گے، مگر حکومت کے ساتھ گزارا کرنا مشکل ہو جائے گا۔

طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ووٹرز کے پاس دوبارہ جانا ہے، ابھی حکومت کی کارکردگی کو لے کر عوام کے سامنے نہیں جا سکتے۔کیونکہ ہمارے پاس عوام کو بتانے کے لیے کچھ نہیں کہ حکومت نے اب تک کیا کارنامہ انجام دیا ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس کا مقصد ملکی سیاسی اور قومی امور پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینا تھا۔ تاہم اس ظہرانے میں مسلم لیگ ق اور بی این پی مینگل نے شرکت نہیں کی تھی۔

مسلم لیگ ق نے حکومت کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت کو ہماری ضرورت نہیں ہے تو ہم صرف کھانے کے لیے نہیں جا سکتے۔