وزیراعظم عمران خان نے سوات میں صحت سہولت کارڈ کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈرامہ ہورہا ہے اور سارے بڑے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، آپ کے گھر میں کوئی ڈاکہ مار کر ساری چیزیں لوٹ لے تو گھر بچانے، کھانے پینے، علاج اور تعلیم کے لیے قرضے لینے پڑتے ہیں، جب مقروض گھر والا ڈاکوؤں کو پکڑ کر پیسہ واپس مانگتا ہے تو ڈاکو کہتے ہیں کہ ہم قانون سے بالاتر ہیں پیسہ واپس نہیں کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اداکاری کرکے لندن جاکر بیٹھ گیا، ہمیں اس پر ترس آگیا، عورتیں اس کی شکل دیکھ کر رونے لگتی ہیں، عدالتوں کو بھی ترس آگیا کہ عمران خان اسے باہر جانے دو، میں نے عدالتوں سے کہا کہ کم از کم 7 ارب تو رکھ لو کیونکہ یہ پیسے کا پجاری ہے، لیکن وہ چلا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نے پہلے این آر او کی بڑی کوشش کی، وہ اور بیٹی دونوں چپ رہے، لیکن وہ جانتا ہے کہ عمران خان این آر او نہیں دینے والا، جب اسے یہ بات سمجھ آگئی تو اس نے باہر سے گیم شروع کردیا، پاک فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیے، فوج سے کہہ رہا ہے کہ اپنے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف کو بدلو، یعنی فوج کو کہہ رہا ہے کہ بغاوت کردو، یہ صرف اپنا پیسہ بچانے کےلیے لندن میں بیٹھ کر فوج کو آرمی چیف کے خلاف بغاوت کا کہہ رہا ہے، اس سے بڑا ملک دشمن کون ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایک قوم کے باپ کی طرح ہوتا ہے اور باپ اپنے بچوں کی تربیت کرتا ہے اور میں آج آپ سب کو ایک چیز بتانا چاہتا ہوں کہ ایک راستہ آپ کی عظمت کا راستہ ہے جس کو اللہ نے نعمتیں بخشیں اور دوسرا آپ کی تباہی کا راستہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں دو چیزیں تھیں، سب سے پہلے تو انسانیت کا نظام تھا اور دوسرا قانون کی بالادستی تھی اور قانون کے سامنے سب برابر تھے اور مدینہ کی ریاست کے اس ماڈل سے مسلمانوں نے کئی صدیوں تک دنیا کی امامت کی۔
انہوں نے کہاکہ آج ہم جو ریاست بنا رہے ہیں وہ مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر بنا رہے ہیں، سب سے پہلا اصول انسانیت کا ہے اور محمود خان نے پختونخوا کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی بدولت ہر خاندان کے پاس کسی بھی ہسپتال میں 10لاکھ روپے کا علاج کرانے کی سہولت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے لیے پختونخوا کی حکومت نے مجھے نئی جگہیں بتائی ہیں، وہ ناصرف پختونخوا اور سوات کے لیے بہت اچھا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے اچھا ہے کہ باہر سے پیسہ آئے گا، جتنی سیاحت بڑھے گی اتنا ڈالر بڑھتے جائیں گے اور ملک میں خوشحالی آتی جائے گی۔
عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ایک مرتبہ سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ملک میں پہلا صوبہ ہیں جس نے عوام کو ہیلتھ کارڈ دیا اور محمود خان یہ آپ نے اللہ کا کام کیا اور وہ آپ سے خوش ہو گا۔