ڈسنا نواز شریف کی فطرت میں ہے، ثناء اللہ زہری لیگ ن کی سنٹرل ایگزیٹو کمیٹی سے مستعفی

کوئٹہ:سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں جلسے سے خطاب میں ثناء اللہ زہری نے ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج سے نواز شریف کی جس حد تک مخالفت ہوسکے گی کریں گے، آج سے نواز شریف سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا اصل روپ گلی گلی گھر گھر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ کیساتھ تو ایسی بے وفائی کی کہ ان کا انتخابی حلقہ ہی توڑ دیا گیا، اس کے باوجود عبدالقادر بلوچ نے پارٹی سے وفاداری نبھائی۔

نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ ڈسنا نواز شریف کی فطرت میں شامل ہے اور نواز شریف نے اپنے محسنوں کو بھی نہیں چھوڑا، ضیاء الحق کا بیٹا بھی نواز شریف کی بے وفائی کے قصے سناتا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف تم نے ہم سے بیوفائی کی، تم نے باعزت آدمیوں کو بیعزت کرانے کی کوشش کی، لیڈر ایسے نہیں ہوتے جو بھگوڑے بن کر باہر بیٹھ جائیں۔

خیال رہے کہ ثناء  اللہ زہری مسلم لیگ (ن) کے رکن بلوچستان اسمبلی ہیں اور وہ پی بی 38 خضدار ون سے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ وہ بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ بھی رہے ہیں۔