سکھر:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کرپشن کے خاتمے کیلئے نہیں بلکہ اپنے مسائل کے حل کیلئے دیتے ہیں۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو مہنگائی پر بات نہیں کریں گے، سمجھیں وہ ملک کے ساتھ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کرپشن ورپشن کے الزامات سب ڈرامہ ہے، الزامات عوام کے سامنے جوابدہ ہونے سے بچنے کی کوشش ہے تاہم عوام ووٹ کرپشن ختم کرنے کے لیے نہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچپن میں مہنگائی کی جو کہانیاں سنتے تھے وہ اب سامنے آ رہی ہیں، عمران خان حقیقت کو محسوس کریں کہ عوام ووٹ کیوں دیتے ہیں۔
امریکی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جوبائیڈن کی کامیابی سے خطے میں تبدیلی آسکتی ہے، ٹرمپ کی وجہ سے امریکا میں تبدیلی آئی، لوگ کلہاڑیاں، بندوقیں لے کر باہر آ گئے ہیں۔