ٹرمپ چلا گیا، اب عمران خان کی باری ہے،سراج الحق

بونیر: ا میرجماعتِ اسلامی پاکستان و سینیٹر سراج الحق نے کہا  ہے کہ ٹرمپ چلا گیا، اب عمران خان کی باری ہے،

  عمران خان نے کہا تھا کہ دنیا کو ان کی اور ٹرمپ کی ضرورت ہے، حکومت نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، جھوٹ کا ورلڈ کپ ہو جائے تو وزیرِاعظم عمران خان بلامقابلہ جیت جائیں گے۔

بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان و سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سرکاری نوکری چھوڑ کر اسلامی انقلاب کے لیے خود کو وقف کیا، پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور خوش حال پاکستان بنائیں گے۔

 سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے، پی پی اور نون لیگ کے لوگ موجودہ حکومت کا انجن چلا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمارے لوگوں کو علاج، تعلیم اور روزگار سے محروم رکھا، پی ٹی آئی نے عوام کو مہنگائی دی، ہماری ثقافت کو تباہ کیا۔ 

امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کا خون نچوڑا، کشمیری شہدا سے غداری کی، ایک وعدہ بھی اس حکومت نے پورا نہیں کیا، آپ کب تک لوگوں کو دھوکا دیں گے۔

 ان کا کہنا ہے کہ میں اعلان کرتا ہوں کہ پاکستان میں اللہ تعالی کا نظام چلے گا، امریکا، انگریزوں، جاگیرداروں اور کرپٹ لوگوں کا نظام برداشت نہیں۔

 سراج الحق نے کہا کہ گورنر ہاوس کو یونیورسٹی اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، یہ پی پی اور مسلم لیگ کا تحفہ ہیں، ان کے لوگ ہی پی ٹی آئی میں آئے ہیں۔

 امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے یہ بھی کہا کہ میرا مسئلہ نیب کا نہیں ہے، موقع ملا تو نیب کے لوگوں کو بھی جیل میں ڈالوں گا، کراچی سے لیکر چترال تک قوم کو جدوجہد کے لیے تیار رہنا چاہیئے۔