پی ایس ایل 5کیلئے کراچی میں کرکٹ سٹارز کی آمد شروع

پشاور: پی ایس ایل 5 کیلئے کراچی میں کرکٹ سٹارز کی انٹری ہونے لگی۔پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچز رواں ماہ کراچی میں ہونا ہیں۔

گذشتہ روز پشاور زلمی کے کارلوس بریتھ ویٹ بھی کراچی پہنچ گئے، شعیب ملک اور راحت علی بھی آچکے ہیں،یاسر شاہ اور امام الحق اتوار کے روز ٹیم کو جوائن کرلیں گے،ڈیرن سیمی کی منگل کو علی الصبح آمد متوقع ہے،فاف ڈوپلیسی 10نومبر کو پشاور زلمی کا حصہ بن جائیں گے۔وہاب ریاض، حیدر علی پاک زمبابوے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پہنچیں گے۔

قائداعظم ٹرافی میں شریک کرکٹرز تیسرے راؤنڈ کے اختتام پر سکواڈز کو جوائن کریں گے،انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندر کے سمت پٹیل نے جمعے کو ہی کراچی پہنچنے کے بعد خود کو 2 یوم کیلئے قرنطینہ کرلیا تھا، چیڈوک والٹن اور کیمرون ڈیلپورٹ کی آج اتوار کی شب آمد طے تھی۔

ملتان سلطانز کے کوچ اینڈی فلاور کو بھی گذشتہ شب آنا تھا،محمد عرفان، سہیل تنویر اور شان مسعود نے سکواڈ میں شمولیت اختیار کرلی، کوچ مشتاق احمد بھی ہفتے کی شام ٹیم سے منسلک ہو گئے، اظہر محمود اتوار کو انگلینڈ سے آرہے ہیں،روی بوپارا و دیگر بھی اگلے 2 یوم میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔