چلاس:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی جعلی حکومت جا رہی ہے،ابھی الیکشن ہوئے نہیں، دھاندلی کے انبار لگ گئے ہیں۔
اپنے ووٹ کو چوری نہیں ہونے دینا، الیکشن والے دن ووٹ پر پہرادینا ہے،یہ لاکھ چاہیں دھاندلی کرلیں جہاں شیر کھڑا ہو جائے تو گیدڑ بھاگ جائیں گے ٗ گلگت بلتستان کے انتخابات میں اس کو آخری دھکا دو اور گھر بھیج دو۔اچھے وقت ایک شخص وزیر بن کر فائدہ اٹھاتا رہا، گلگت بلتستان میں نئی روایت قائم کرتے ہوئے لوٹوں کو گھر چھوڑ کر آئیں۔
نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ جو رشتہ جوڑا تھا اس کو آخری دم تک نبھائیں گے،دیامر بھاشا ڈیم کی وجہ سے کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں،ان کو پورا معاوضہ نہیں ملا اور رقم کی ادائیگی میں تنگ کیا جارہا ہے، یہ آپ کا حق ہے جو آپ کو ملنا چاہیے۔
اتوار کو انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چھوڑنے والے سابق وزیر کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو اچھی وقت میں ساتھ رہا اور وزیر بن کر فائدے بھی اٹھا رہا ہو لیکن ذرا سا دباؤ آئے تو ووٹ کی پرچی کو روندے تو وہ ووٹ کا حق دار نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں نئی روایت قائم کرتے ہوئے لوٹوں کو گھر چھوڑ کر آئیں تاکہ آئندہ کسی یہ جرات نہ ہو کہ وہ کسی کا دباؤ برداشت نہ کرسکے اور ووٹ کو بیچ کر آئے، جو اپنے لیے کھڑا نہ ہوسکے وہ آپ کے لیے بھی کھڑا نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جتنی خدمت کی ہے اتنی 73 برسوں میں کسی نے نہیں کی، گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن نے وفا نبھائی اور وفا نبھانے والے سونے پر تلنے کے لائق ہیں انہوں نے کہاکہ حفیظ الرحمن ہمارے دلوں کے چیف منسٹر ہیں۔