قمرزمان کائرہ اور کیپٹن (ر)صفدر بھی کورونا میں مبتلا، دونوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا

 

اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور گلگت کی انتخابی مہم میں سرگرم عمل قمر زمان کائرہ اورن لیگ کی نائب صدر مریم نوازشریف کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کوروناٹیسٹ مثبت آ گیاہے۔
دونوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹن صفدر کو گزشتہ روز بخار اور فلو کی شکایات محسوس ہوئیں جس پر انہوں نے کورونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آگیا۔

کیپٹن (ر)صفدر ن لیگ کی الیکشن مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان میں تھے تاہم ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ گلگت سے لاہور واپس آ گئے ہیں اور خود کو جاتی امراء میں قرنطینہ کر لیاہے۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفد رکی حالات ٹھیک بتائی جارہی ہے۔

ادھر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور پارٹی کے پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔قمر زمان کائرہ گلگت بلتستان انتخابی مہم میں مصروف عمل تھے اور بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلا رہے تھے، تاہم کچھ دنوں سے وہ گلے میں سوزش اور نزلہ زکام محسوس کر رہے تھے۔

 انہوں نے احتیاطی طور پر کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، اور گزشتہ رات ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر الزمان کائرہ ٹیسٹ مثبت آنے پر گلگت سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، اور انہوں نے اسلام آباد میں خود کو 15 دن کے لیے قرنطینہ کر لیا ہے۔