اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کو تنبیہ کی ہے کہ اپوزیشن مسلسل معاشی صورتحال پر ٹارگٹ کر رہی ہے،ہم نے معیشت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی وزراء اور رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور میڈیا سے متعلق حکومت کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو تازہ ترین اقتصادی و معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ کے بعد وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو تنبیہ کی ہے کہ اپوزیشن مسلسل معاشی صورتحال پر ہمیں ٹارگٹ کر رہی ہے اور حکومت کے خلاف پروپیگنڈاکررہی ہے۔
وزیر اعظم کا کہناتھاکہ معیشت مستحکم ہوگئی ہے،تمام معاشی اشاریے مثبت سمت میں جارہے ہیں۔ دو سال کی محنت سے معیشت کو پاؤں پر کھڑا کیا ہے۔ اس کو ہم نے مزید بہتر بنانا ہے، اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کررہی ہے، انہی لوگوں کی غلط پالیسیوں کا نقصان عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔پالیسیوں کے ثمرات آنے والے دنوں میں عوام کو منتقل ہونگے۔
انہوں نے اقتصادی ٹیم کو حکومت کی معاشی کامیابیوں کو میڈیا میں اجاگر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا عوام کس کے ساتھ ہے یہ سب کو پتا چل گیا۔سوات اور حافظ آباد کے جلسے اس بات کا ثبوت ہیں۔گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کامیاب ہوگی۔