پاکستان میں آئندہ دو سال تک فائیو جی لانچ کرنیکا اعلان 

کالاشاہ کاکو:وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے کہا ہے کہ اگلے ایک دو سال میں فائیو جی کو پاکستان میں لانچ کردیا جائیگا۔

 اسلام آباد میں چند روز قبل فائیو جی کا تجربہ کامیابی سے کرچکے ہیں، ورچوئل یونیورسٹی کالاشاہ کاکو کیمپس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں چالیس سے پچاس ممالک فائیو جی ہیں ان میں بھی چند شہروں میں یہ سروس موجود ہے جبکہ اکثریت میں فائیو جی سروس نہیں ہے۔

 پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہیں جو آئی ٹی کے شعبہ میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے آئی ٹی کے شعبہ میں دو سالوں میں جتنا کام کیا ہے تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی،یہ سچ ہے کہ مہنگائی ہوئی ہے آٹا 35سے75روپے کلو اورشکر 65روپے سے سینچری مکمل کرگئی ہے مگر بہتری کے آثار بھی نظر آرہے ہیں، بینک کا کرنٹ خسارہ کم ہوا ہے، پاکستان کا زرمبادلہ 12ارب ڈالر سے بڑھ کر 20ارب ڈالر ہوگیا ہے۔

 سیمنٹ، ٹائل، آٹو موبائل، کنسٹرکشن اور آئی ٹی میں ایکسپورٹ بڑھ گئی ہے۔ معاشی انڈیکیٹر بتارہا ہے کہ پاکستان ترقی کی طرف جارہا ہے انہوں نے کہاکہ لاہور میں صرف ایک آئی ٹی پارک تھا اگلے ماہ کئی ارب روپے کی لاگت سے اسلام آباد اور کراچی میں بھی آئی ٹی پارک بنایا جارہا ہے۔ 

حکومت کی خواہش ہے کہ تمام لوگوں کے ہاتھوں میں سمارٹ فون ہو۔2018.19میں ہماری ایکسپورٹ 995ارب ڈالر تھی جبکہ 30جون 2020جو 1.23کلوز کیا۔ پچھلے سال کی نسبت 24فیصد ایکسپورٹ زیادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ 81فیصد آبادی کے ہاتھ میں موبائل فون ہے جبکہ 44فیصد آبادی برانڈبینڈ کی سہولت سے مستفید ہورہی ہے۔

 حکومت دیہی علاقوں میں موبائل فون سروس فراہم کرنے کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں موبائل فون سروس کی فراہمی کیلئے خصوصی کام کیا جارہا ہے۔ کورونا وبا کے باعث اتنی ترقی نہیں کرسکے جتنی ترقی ہونی چاہئے تھی۔تاہم حکومت موبائل سروس کی ترقی کیلئے دن رات کوشا ں ہے۔