قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے بدھ کے روز قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پارلیمانی رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں فوجی حکام کی جانب سے قومی سلامتی کے موجودہ امور پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام پارلیمانی رہنماؤں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے جو ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں منعقد ہو گا۔
اگرچہ حکومت یا فوج کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی طرف سے ابھی تک باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے) جنرل قمر جاوید باجوہ اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کل اراکین قومی اسمبلی کو بریفنگ دیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بریفنگ کا بنیادی مقصد اسٹریٹجک محل وقوع کے حامل واقع گلگت بلتستان کو "عارضی صوبائی حیثیت" دینے کے بارے میں قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرنا ہے۔