اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں عمران خان کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران نمایاں کمی ہوگئی ہے۔
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان 3ارب 20کروڑ کے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین اورجے یوآئی کے رکن اسمبلی مولانا عصمت اللہ 11لاکھ روپے کے اثاثوں کے ساتھ غریب ترین رکن قرار پائے ہیں۔
،وزیر اعظم عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 8کروڑ جبکہ 2018-19کے الیکشن کمیشن رپورٹ کے مطابق اثاثوں کی مالیت 10کروڑ 80لاکھ روپے تھی،شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 24کروڑ،بلاو ل بھٹو کے اثاثوں کی مالیت 1ارب 58کروڑ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کے اثاثوں کی مالیت 67کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اراکین قومی اسمبلی کے اثاثوں کی جاری ہونے والے تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 8 کروڑ سے زائد روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں وزیراعظم عمران خان کا اندرون اور بیرون ملک کوئی کاروبار اور اپنی کوئی ذاتی گاڑی موجود نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے چار غیرملکی اکاونٹس میں 3 لاکھ 31 ہزار 230 امریکی ڈالرز اور 518 پاونڈز موجود ہیں وزیراعظم عمران خان کے پاس 1 کروڑ 99 لاکھ سے زائد کیش بھی موجود ہے وزیراعظم عمران خان کے پاس 2 لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی موجود ہیں وزیراعظم نے فیروزوالہ میں 80 کنال زمین کے عوض 7 کروڑ سے زائد کا ایڈوانس بھی لے رکھا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر 8 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ اسپیکر اسد قیصر 1 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد رقم کے مقروض ہیں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان 1 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے ہیں وزیر دفاع پرویز خٹک 15 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں۔
وزیر دفاع پرویز خٹک اپنی ساس کے اڑھائی کروڑ روپے کے مقروض ہیں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے اپنی جائیداد سمیت تمام اثاثوں کی قیمت 24 کروڑ 74 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں سابق وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے جائیداد کے اوپر 10 کروڑ روپے کا قرضہ بھی ظاہر کیا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے 67 کروڑ 68 لاکھ کے اثاثے ظاہر کیے ہیں جبکہ بینک اورہاوس بلڈنگ سمیت دیگر قرضوں کی مد میں 2 کروڑ 26 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں۔