کورونا کیسزمیں اضافہ،بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا ہنگامی اجلاس 16نومبر کو طلب

 

اسلام آباد:ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے بین الصوبائی وزرائے  تعلیم کانفرنس کا ہنگامی اجلاس 16نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرمیں ہونے والے اجلاس میں ایجوکیشن سیکٹر میں کورونا وائرس کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بدھ کووفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کی خصوصی میٹنگ بلا لی ہے،جس میں ایجوکیشن سیکٹر میں کوورنا وائرس کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا،میٹنگ 16 نومبر بروز پیر11 بجے این سی او سی میں ہوگی۔تمام بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے ممبرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ 5نومبر کو ہونے والے بین الصوبائی وزرائیتعلیم کانفرنس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود تعلیم اداروں کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور طے پایا تھا کہ وزراء تعلیم کانفرنس کا آئندہ اجلاس دسمبر میں ہو گا جس میں موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ ہو گا،مگر ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کی وجہ سے اجلاس قبل ازوقت بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔