مریم نواز اور بلاول بھٹو کے درمیان  جی بی انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کیخلاف مزاحمت پر اتفاق

اسلام آباد: اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف کے درمیان ون آن ون اہم ملاقات ہوئی ہے۔

 گلگت بلتستان کے  انتخابات میں  ممکنہ دھاندلی کی مزاحمت پر اتفاق اور باہمی تعاون کا فیصلہ کرلیا گیا۔

 پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے درمیان اس اہم ملاقات میں گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کے  انتخابی دوروں کے موقع پر گلگت  کے ایک ہوٹل میں ہوئی ہے۔ دونوں رہنما اپنی اپنی جماعتوں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں آزاد خطے میں موجود ہیں، بعد ازاں دونوں جماعتوں کے  وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق  گلگت بلتستان کے انتخابات  میں ممکنہ دھاندلی کی مزاحمت پر اتفاق کیا گیا ہے۔ مختلف انتخابی معاملات پرتعاون پر بھی  غور کیا گیا۔

 پیپلزپارٹی کے وفد میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور صدر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ جبکہ  پاکستان مسلم لیگ ن کے  وفد میں  شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویز رشید، سابق وزیراعلیٰ  حافظ حفیظ الرحمن شامل تھے۔

 ذرائع کے مطابق سیاسی حالات کے حوالے سے پی ڈی ایم کی سرگرمیوں پر بھی  تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے  انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کی مزاحمت پر اتفاق اور باہمی تعاون کا فیصلہ کرلیا گیا۔