اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے پاک ایران دوطرفہ تجار ت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تعلقات تعاون کو باہمی فائدہ کیلئے مزید مضبوط کریں۔
وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کے دورہ پر آئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات، علاقائی امور، افغان امن عمل، مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے پاک ایران دو طرفہ تجارت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایران کے درمیان مضبوط بردارنہ تعلقات ہیں،وزیر اعظم نے کہاکہ دونوں ممالک تعلقات تعاون کو باہمی فائدہ کیلئے مزید مضبوط کریں۔
وزیر اعظم نے ایران میں کورونا کی وجہ سے اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے ملاقات میں کورونا سے نمٹنے میں پاکستانی. حکمت عملی سے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ سمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر اقدامات سے کورونا سے نمٹنے میں مدد ملی،پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کے حامی ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔