ترجمان ٹرانس پشاور محمد عمیر نےبی آر ٹی کرایہ اورسفری کارڈ کی قیمت میں اضافہ کے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض افواہیں ہیں اوران خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی پشاور خیبر پختون خواہ کا ایک کامیاب اور بہترین سفری منصوبہ ہے جو ایک سنگ میل کی حیثت رکھتا ہے۔اس منصوبے سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہوتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اگست 2020میں بی آر ٹی پشاور کی جانب سے دو اقسام کے زو کارڈز متعارف کرائے گئے بغیر فیس کے یعنی مفت اور فیس کے ساتھ یعنی نان فری ۔ اگست سے 4لاکھ کے قریب مفت زو کارڈز عوام میں تقسیم کئے گئے جبکہ فیس کے ساتھ والے زو کارڈ کی قیمت تب بھی 150روپے ہی مقرر تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ مفت زو کارڈز کا مقررہ کوٹہ ختم ہونے کے بعد اب صارفین کیلئے صرف نان فری زو کارڈ ہی دستیاب ہونگے جس کی قیمت 150روپے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے آغاز سے لے کر اب تک کرائے اور نان فری زو کارڈ کی قیمت میں ایک ڈھیلے کا بھی اضافہ نہیں کیاگیا۔ شہریوں سے التما س ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور بی آر ٹی کے بہترین سفر سے مستفید ہوتے رہیں۔