جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے سفیرکی ملاقات،علاقائی امن کیلئے باہمی تعاون کے عزم کا اظہار

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کی امید کا اظہار کیا ہے۔

جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی میں آرمی چیف سے افغانستان کے نو تعینات شدہ سفیر نجیب اللہ علی خلیل نے ملاقات کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ اور سفیر نجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کے دوران علاقائی امن و سلامتی کی صورتحال، افغانستان میں جاری امن عمل، بارڈر مینجنمنٹ اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور سیکیورٹی معاملات میں تعاون کرنے کے حوالے سے بات چیت کی۔
واضح رہے کابل کی جانب سے سفیر نجیب اللہ علی خیل کو ستمبر کے مہینے میں پاکستان میں نیا سفیر مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے 4 نومبر کو اپنی اسناد صدر عارف علوی کو پیش کی تھیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ 'دونوں شخصیات کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان غیر معمولی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا'۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے سفیر پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔