کراچی کنگز پاکستان سپر لیگ 5کے فائنل میں پہنچ گئی، ملتان سلطانز کو سپراوور میں شکست

 

 کراچی: کراچی کنگز سپراوور میں ملتان سلطان کو شکست دیکر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے فائنل میں پہنچ گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 5 کے پہلے کوالیفائر میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ ٹائی ہوگیا، ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے۔

 ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بھی 141 رنز بنائے جس کے بعد سپراوور میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کیلیے 14 رنزکا ہدف دیا تاہم ملتان سلطانز کی ٹیم صرف 9 رنز ہی بناسکی اور کراچی کنگز میچ 4 رنز سے جیت کر فائنل میں پہنچ گیا۔

سپر اوور سے پہلے کوالیفائر ون میں کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، کپتان عماد وسیم 27 جب کہ ہیلز نے 22 رنز بنائے۔ ملتان سلطان کے سہیل تنویر نے 3 جب کہ محمد الیاس، عمران طاہر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو ا?ؤٹ کیا۔


اس سے قبل کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز کے روی بوپارہ 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکور اور سہیل تنویر 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 ذیشان اشرف نے 21 رنز، ایڈم لیتھ 9، کپتان شان مسعود 3، ریلے روسو 5، خوشدل شاہ 17 اور شاہد آفریدی نے 12 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 1 جب کہ وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ  سے قبل آنجہانی کوچ ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، ان کی تصویر لگا کر احترام میں خاموشی اختیار کی گئی، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں جمع ہوکر ڈین جونز کے نام کا پہلا حرف ڈی بنایا، اور سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت کی۔