لاہور:پی سی بی کو پاکستان سپرلیگ کے پلے آف مرحلے کے آغاز سے قبل ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی سے زیادہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی فکر لاحق ہونے لگی۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں سکیورٹی دینا اب ہمارے لئے مسئلہ نہیں رہا، ہمیں اس وقت سکیورٹی خدشات سے زیادہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے اور کرکٹ بورڈ اب کھلاڑیوں کی صحت محفوظ بنانے کے لئے کام کررہا ہے۔
وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کی اختتامی تقریب دھوم دھام سے منعقد نہیں کی جائے گی اور پلے آف میچز بھی شائقین کے بغیر ہورہے ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں بلکہ 6 فرنچائزز کے ساتھ معاملات ایک پیج پر حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ 2022 میں پی ایس ایل کے میچز پشاور میں کروائے جاسکیں گے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی 2015 سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے‘کھلاڑیوں کی سکیورٹی سے زیادہ انہیں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے،کرکٹ بورڈ صورتحال کو مانٹیر کررہا ہے۔