”را“ پاکستانی سیاستدانوں کو نشانہ بنا سکتی ہے، شیخ رشید 

لاہور؛ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ را پاکستانی سیاستدانوں کو نشانہ بنا سکتی ہے،را کسی بھی بڑے سیاست دان کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

 پاک فوج جیسا کرو گے ویسا بھرو گے کے مطابق جواب دیتی ہے، ملک میں بھارت کے بیانیے پر جس نے بھی کام کیا اس کی سیاسی قبر ہی بنی ہے، عمران خان محنت کررہے ہیں، 30 دسمبر سے پہلے مہنگائی کو کنٹرول کرلیں گے۔

 وزیراعظم عمران خان 5 سال پورے کریں گے،پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں نواز شریف کے بیانیے کیساتھ نہیں ہیں،مریم نواز نے بات کرنے کے لئے پی ڈی ایم کی چھتری کا سہارا لیا،شہباز شریف، نواز شریف کے غیر سیاسی اور غیر اخلاقی بیان کے سامنے نہیں کھڑے ہو سکتے۔

لاہور میں پریس کانفرس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں جو کچھ بتایا گیا ہے وہ میں بہت پہلے کہہ رہا ہوں،ہندوستان پاکستان کو اندر سے تباہ کرنا چاہتاہے وہ سرحدوں سے نہیں کرسکتا ہے،پاکستان کی فوج عظیم افواج ہے جو برقوت جواب دیتی ہے، جان ہتھیلی پر رکھ کر جواب دیتے ہیں، اس کا ثبوت یہ ہے کہ ہندوستان ابھی تک دہشت گردی کا بڑا واقعہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہندوستانی خفیہ ایجنسی را نے جس طرح بلوچستان کے پی اور آزاد کشمیر میں گروہوں کو اکٹھا کیا ہے اسے وہ بھی دہشت گردی کا بڑا واقعہ کر سکتا ہے جبکہ کل اس بات پر مجھے کوئی یہ نہ کہے کہ شیخ رشید کو یہ کس نے بتایا تھا، میں عقل والوں کیلئے پیغام دینا چاہتا ہوں،ہندوستان کے بیانیہ پر جس نے بھی کام کیا ہے اس کا استعمال ہندوستان نے ضرور کیا ہے اور بعد میں اس کی سیاسی قبر بھی خود ہی کھودی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اتوار کو گلگت بلتستان کے الیکشن میں میرے مطابق پہلے نمبر پر تحریک انصاف، دوسرے پر پیپلز پارٹی، تیسرے نمبر پر آزاد امیدوار اور چوتھے نمبر پر مسلم لیگ نون ہو گی، جبکہ یہ میرا سیاسی تجزیہ ہے۔