گلگت: گلگت بلتستان میں انتخابی میدان آج بروز اتوار کو سجے گا جس کے لیے سیاسی جماعتوں نے کمر کس لی ہے جب کہ انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آخری ضلع کھرمنگ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جہاں ڈپٹی کمشنر براہ راست انتخابی عمل کی تیاری کا جائزہ لے رہے ہیں۔
گلگت میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی جس میں بلاول بھٹو، مریم نواز، علی امین گنڈاپور، عبدالغفور حیدری اور دیگر رہنماؤں نے عوامی جلسوں سے خطاب کیا اور اب 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے انتخابات (آج) اتوار کو ہوں گے جس میں 7 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز میں سے سوا لاکھ سے زائد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔
پی ٹی آئی کے امیدوار جسٹس ریٹائرڈ سید جعفر شاہ کے انتقال کے بعد گلگت کے حلقہ جی بی اے 3 میں انتخاب نہیں ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک مقررکیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر دیامر ممتاز احمد کہتے ہیں کہ پولنگ کے سامان کی ترسیل کردی گئی ہے۔