اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور مریم الگ الگ سمت میں ہیں، ایک جماعت اسٹیبلشمنٹ سے مددمانگ رہی کہ ان کو ہٹا دیں اور ہمیں بٹھا دیں، اقتدار ہمیں عوام نے دیا ہے ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
جمہوریت کا لبادہ اوڑھے مسلم لیگ ن منتخب حکومت کے خاتمے کیلئے غیر آئینی طریقہ اپنا رہی ہے شرم آنی چاہیے، گلگت بلتستان انتخابات میں فتح تحریک انصاف کو ملے گی۔یہ لوگ شکست کو دھاندلی کا نام دیں گے پٹرول کی قیمت کم ہونے جارہی ہے۔
ہفتہ کو سینیٹر شبلی فراز نے پی آئی ڈی کے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ گلگت بلتستان کے عوام نے تحریک انصاف کو بہت پذیرائی دی ہے۔
ماضی کی حکومتوں نے گزشتہ10سال میں علاقے کے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا دونوں اپوزیشن جماعتوں کی حکومتیں رہیں۔دونوں جماعتوں کے انتخابی جلسوں میں گلگت بلتستان کومسائلستان قراردیا اور کہا کہ یہاں کے عوام صحت تعلیم روزگار اور دیگر سہولیات سے محروم ہیں یعنی انھوں نے خود اپنی ناکامی کا اعتراف کیا اور مسلم لیگ(ن) کی تو یہاں ابھی حکومت رہی، گلگت بلتستان کے عوام کو مسائل حل کیوں نہ کئے۔
انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تقریروں اور بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دینگے۔ میڈیا گلگت بلتستان الیکشن کی بھرپور کوریج کرے اور صورتحال پر نگاہ رکھے بلکہ پولنگ سٹیشنوں پر کیمرے لگادئیے جائیں، پی ٹی آئی نے صاف شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کی جدوجہد کی ہے اسی لئے دھرنا دیا گیا تھا اور مسلم لیگ (ن) کو انتخابی اصلاحات پر مجبورکیا۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عجیب رویہ ہے کہ جس الیکشن میں اپوزیشن کامیاب ہو وہ درست ورنہ سارا عمل غلط۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کی سوچ میں تضاد ہے۔ یہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں، ان کی سوچ جمہوری نہیں ایک اور میثاق بنارہے ہیں اور خود اس کی دھجیاں اڑاتے ہیں مدد مانگ رہے کہ جمہوری حکومت کو گھر بھیج دیں اور اگر ادارہ ایسا کرے گا تو ان یہ پسند ہوگا منظور بھی ہوگا۔جمہوریت کا لبادہ اوڑھے مسلم لیگ ن منتخب حکومت کے خاتمے کیلئے غیر آئینی طریقہ اپنا رہی ہے اور مریم نواز اقتدار کے لئے ان اداروں سے مددمانگ رہی جن کو ان کے والد نے ہدف بنا رکھا ہے۔
وزیراعظم عمران خان 22سال کی جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے ہیں۔ملک کا مستقبل عمران خان سے جڑا ہوا ہے، ہم اداروں کو دوبارہ کھڑا کررہے ہیں، کورونا بحران نہ ہوتا تو پاکستان کی معیشت دگنی ہوجاتی، کورونا کے باوجود معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔
وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات جاری ہیں پٹرول کی قیمت مزیدکم کی جائیں گی،مہنگائی کم ہورہی ہے اور مزید کم ہوگی،مزید اچھی خبریں آئیں گی، جمہوریت مضبوط ہو گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی بھارتی کوششیں پہلے کی طرح ناکام ہونگی۔سیاسی مخالفین کے بارے میں نازیبا زبان کا استعمال مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو سے متعلق مسلم لیگ ن کی قیادت کی نازیبا زبان سے سب آگاہ ہیں۔
بلیک میلنگ اور دھمکی آمیز رویہ مسلم لیگ ن کا شیوہ ہے، ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات شبلی فرازنے کہا کہ دفاعی بجٹ سمیت تمام اخراجات قرضوں پر ہیں۔ قرض کی مئے ہر وقت نہ پیتے تو فاقہ مستی کی نوبت نہ آتی۔
دونوں جماعتوں نے سیاست کو کاروبار بنا لیا ہے۔ ان کی باتوں میں تضادات ہیں جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں اور دونوں جماعتوں کی قیادت اتنی مہارت سے جھوٹ بولتی ہے کہ اس اعتماد سے ہم سچ بھی نہیں بول سکتے۔
روز بیانیے بدلتے ہیں اور اب کہہ رہے ہیں ہم حاضر ہیں بلاول بھٹو اور مریم الگ الگ سمت میں ہیں۔ بلاول جمہوری تبدیلی کی بات کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز کا تازہ بیان اسٹیبلشمنٹ سے مددمانگنے کا ہے ان کو ہٹا دیں اور ہمیں بٹھا دیں۔