گلگت: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے تیسرے انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تھا، پولنگ کے اختتام کے لیے مقررہ وقت شام 5 بجے تھا، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز میں موجود افراد ہی ووٹ کاسٹ کرسکے۔
اس وقت گلگت کے کئی پولنگ اسٹیشنز کے باہر عوام کی قطاریں موجود ہیں۔ ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے اور کئی پولنگ اسٹیشنز سے نتائج آنا بھی شروع ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا ہے جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں 7 لاکھ 45 ہزار ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے سوا لاکھ سے زیادہ افراد پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں میں شامل ہیں۔
شدید سردی کے موسم میں عوام جوق در جوق پولنگ اسٹیشنز کا رخ کرتے رہے ہیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مصروف رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ گلگت بلتستان اسمبلی کے تیسرے انتخابات ہورہے ہیں، اس سے قبل جی بی اسمبلی کے پہلے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 15 نشستوں کے ساتھ حکومت بنائی تھی۔
2015 کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 16 نشستیں حاصل کرکے حکومت بنائی تھی۔
گلگت بلتستان میں پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 1234 تھی جس میں سے مرد خواتین ووٹرز کے مشترکہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 362 تھی، 297 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 280 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔