مری: موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گلیات میں پہلی برف باری شروع ہو گئی ہے۔ گلیات کے علاقوں ایوبیہ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی اور خیرا گلی میں 4 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
برفباری کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کا طویل لاک ڈاؤن ہو گیا اور گھنٹوں سے بجلی غائب ہے جبکہ شدید برف باری کے باعث نتھیاگلی ایوبیہ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقے استور میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث نظام زندگی متاثر ہوگیا ہے۔
غذر کی بالائی تحصیل پھنڈر میں بھی برفباری ہوئی،برف باری کی وجہ سے متعدد علاقوں کی رابطہ سڑکیں متاثر ہوگئیں۔نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت کے باوجود گلگت بلتستان کے لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے پرعزم دکھائی دیئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع استور میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، وادی لیپا آزاد کشمیر میں طویل خشک سالی کے بعد پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد سمیت آزاد کشمیرکے وسطی اضلاع اور زیریں علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے