اسلام آباد: گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی برتری ہے۔ دوسرے نمبر پر پیپلزپارٹی رہی ۔
تفصیلات کے مطابق برف باری اور شدید سرم موسم میں گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل پر امن طور پر مکمل ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوئی۔ 4 خواتین سمیت 330 امیدوار مدمقابل تھے ۔
گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔
گلگت بلتستان میں 7لاکھ سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جب کہ سوا لاکھ سے زیادہ افراد پہلی بار ووٹر بنے تھے سابق وزیراعلی مہدی شاہ بھی انتخاب ہار گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کے مطابق تحریک انصاف کو 9سے 11نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ تاہم انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
انتخابات میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ مہدی شاہ کو شکست ہوگئی۔
گلگت بلتستان کے انتخابی حلقے جی بی اے 7 اسکردو ون سے پاکستان تحریک انصاف کے راجہ محمد زکریا خان نے سابق وزیراعلی و پیپلزپارٹی کے رہنما مہدی شاہ کو شکست دے دی ہے۔
جی بی اے 7 اسکردو 1 کے 28 مکمل پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار راجا محمد زکریا نے 5290 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر ہیں۔پی پی کے مہدی شاہ 4114 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
خیال رہے کہ سید مہدی شاہ گلگت بلتستان کے پہلے وزیراعلیٰ رہے ہیں اور ان کا دور حکومت دسمبر 2009 سے دسمبر 2014 تک تھا۔